رسائی کے لنکس

وزیراعظم کے خلاف دائر درخواست مسترد، نیب سے رجوع کرنے کی ہدایت


وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)

عدالت عظمیٰ نے ملک کے وزیراعظم کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو قومی احتساب بیورو سے رجوع کرنے کا کہا ہے۔

حزب مخالف کی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے درخواست دائر کی تھی کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد میں مبینہ طور پر بدعنوانی کی اور وہ صادق اور امین نہیں لہذا انھیں نا اہل قرار دیا جائے۔

پیر کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اس درخواست کی سماعت کی جس میں درخواست گزار کے وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل سننے کے بعد اُنہوں نے درخواست کو خارج کر دیا۔

بینچ کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ آئین کی شق 184 (3) کے تحت نہیں آتا۔ اس شق کے تحت عدالت عظمیٰ مفاد عامہ اور بنیادی حقوق سے متعلق کسی بھی معاملے کی شنوائی کا اختیار رکھتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست گزار اس ضمن میں نیب سے رجوع کر سکتا ہے اور انھوں نے ریمارکس دئے کہ نیب ایک خودمختار ادارہ ہے۔ اسے اس معاملے کو دیکھنے دیں۔

چیف جسٹس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کو سیاسی نوعیت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

شیخ رشید نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی طرف سے بطور وزیر پٹرولیم 2015ء میں ایل این جی کی درآمد کے لیے دیے گئے ٹھیکوں میں مبینہ طور پر قواعدو ضوابط کی پاسداری نہیں کی گئی۔

انھوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اس معاملے کو بنیادی حقوق کا معاملہ قرار دے کر اس کی سماعت کی جائے۔

XS
SM
MD
LG