رسائی کے لنکس

پاکستان: موبائل فون سروس معطل، حفاظتی انتظامات سخت


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مخلتف شہروں میں موبائل فون اور وائرلیس فون کی سروس معطل کرنے کے علاوہ بعض اضلاع میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہے۔

پاکستان میں ماہ محرم کی نویں تاریخ کو ماتمی جلوسوں پر ممکنہ دہشت گرد حملوں کے خطرات کے پیش نظر ہفتہ کو کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون اور وائرلیس فون کی سروس معطل اور بعض اضلاع میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہے۔

جمعہ کو جزوی بندش کے بعد رات 12 بجے بحال ہونے والی موبائل فون سروس ہفتہ کی صبح چھ بجے سے ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے جمعہ کو اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد بتایا تھا کہ حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں موبائل فون سروس اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ اقدام وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سفارشات پر کیے جا رہے ہیں۔

ملک کے جن 49 شہروں میں موبائل فون کی سہولت معطل کی گئی ہے ان میں چاروں صوبوں کے اہم شہروں کے علاوہ، گلگت اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سات شہر بھی شامل ہیں۔

ہفتہ کو ملک کے مختلف شہروں بشمول وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نویں محرم کے ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں جن کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو ان مقام سے دور ہی روک دیا گیا ہے جہاں سے ماتمی جلوسوں نے گزرنا ہے اور ان راستوں کی بھی کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ملک کے بعض حصوں میں فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں جب کہ وزیرداخلہ رحمٰن ملک کہہ چکے ہیں کہ بعض علاقوں میں ضرورت پڑنے پر فوج کو طلب کیا جا سکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG