رسائی کے لنکس

امریکہ سے ہتھیاروں کا سودا جلد طے پانے کی امید ہے: پاکستان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تسنیم اسلم نے کہا کہ یہ سازوسامان دہشت گردی کے خلاف جاری پاکستان کی کارروائیوں میں معاون ثابت ہو گا۔

پاکستان نے امریکہ کی طرف سے تقریباً ایک ارب ڈالر کے عسکری سازوسامان کی مجوزہ فروخت کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ حتمی منظوری کا عمل بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔

وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کا امریکہ کے ساتھ طویل عرصے سے دفاعی تعاون رہا ہے۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی ضروریات کے لیے امریکہ سے عسکری سازوسامان کے حصول کے لیے رابطہ کیا تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ سازوسامان دہشت گردی کے خلاف جاری پاکستان کی کارروائیوں میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ یہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ضروریات کا اعتراف ہے۔

امریکہ کی طرف سے عسکری سامان کی مجوزہ فروخت خوش آئند ہے: پاکستان
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:17 0:00

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے بدھ کو تصدیق کی تھی امریکہ پاکستان کو 95 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا عسکری سامان فروخت کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان ہتھیاروں میں ہیلی کاپٹرز بھی شامل ہیں جن سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی فوج کی استعداد کار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

کانگریس سے باقاعدہ منظوری کے بعد ہی یہ فوجی سازوسامان پاکستان کو فروخت کیا جا سکے گا۔

پاکستان افغانستان سے ملحقہ اپنے سرحدی قبائلی علاقوں میں طالبان کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے اور اس وقت فوج شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دو بڑے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

عسکری حکام کے مطابق شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی کے بیشتر حصوں سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے اور اب صرف کچھ حصوں میں لڑائی جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG