رسائی کے لنکس

نواز شریف کے لیے پڑوسی ممالک کے تہنیتی پیغامات


وزیراعظم نواز شریف
وزیراعظم نواز شریف

صدر کرزئی نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ نواز شریف کی قیادت میں دونوں پڑوسی ملکوں کے دوطرفہ تعاون میں مزید بہتری آئی گی جو خطے میں امن و استحکام کا سبب بنے گی۔

پاکستان کے پڑوسی ممالک نے سربراہان نے نواز شریف کو وزات عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔

جمعرات کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق افغان صدر حامد کرزئی نے جمعرات کو پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اُنھیں وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

سرکاری بیان کے مطابق صدر کرزئی نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ نواز شریف کی قیادت میں دونوں پڑوسی ملکوں کے دوطرفہ تعاون میں مزید بہتری آئی گی جو خطے میں امن و استحکام کا سبب بنے گی۔

صدر حامد کرزئی نے نواز شریف کو دورہ افغانستان کی دعوت بھی دی۔

دفترخارجہ کے ایک اور بیان کے مطابق ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے نواز شریف اور پاکستان کو عام انتخابات کے کامیاب انعقاد اور مسلم لیگ ن کو کامیابی پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں صدر احمدی نژاد نے بھی نواز شریف کی قیادت میں دونوں برادر ملکوں کے تعلقات میں مزید فروغ کے اعتماد کا اظہار کیا۔

ایک علیحدہ پیغام میں ایران کی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر علی لاریجانی نے بھی انتقال اقتدار پر نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی روابط میں اضافہ ہوگا۔

دریں اثناء چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ نے بھی وزات عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نواز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اپنے پیغام میں چینی وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا اس میں ان کی نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں پاک چین تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

مسٹر لی نے پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ مل کر دونوں روایتی دوست ملکوں کے درمیان مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کا اعادہ بھی کیا۔

نوازشریف بدھ کو تیسری مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG