رسائی کے لنکس

شعیب ملک پر پابندی ختم


شعیب ملک پر پابندی ختم
شعیب ملک پر پابندی ختم

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اپیلیٹ ٹربیونل نے ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک پر عائد ایک سال کی پابندی ختم کرتے ہوئے ان پر عائد 20لاکھ روپے جرمانے کو کم کرکے دس لاکھ کردیا ہے۔

ہفتے کو لاہور میں ٹربیونل کے سربراہ عرفان قادر نے شعیب کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا ۔سابق کپتان محمد یونس اور اکمل برادران نے ٹربیونل سے نئی تاریخ کی استدعا کررکھی تھی لہذا ان کی درخواستوں کی سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔

واضح رہے کہ حالیہ دورہ آسٹریلیا میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضباطی کارروائی کرتے ہوئے کپتان محمد یوسف، یونس خان پر غیر معینہ مدت، شعیب ملک اور رانا نوید الحسن پر ایک،ایک سال کے لیے ٹیم میں شمولیت پر پابندی عائدکی تھی جب کہ شاہد آفریدی، کامران اکمل اور عمراکمل پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے تھے۔

رواں ہفتے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل نے کرکٹ بورڈ سے ان کھلاڑیوں پر پابندی ختم کرنے کی سفارش کی تھی اور بعد ازاں سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ ایشیاکپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ 35کھلاڑیوں میں سزاؤں کے مرتکب ان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا تھا۔

محمد یوسف بورڈ کی طرف سے پابندی کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG