رسائی کے لنکس

پانچواں ون ڈے: پاکستان کو 117رنز سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس پوری سیریز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بالروں کے سامنے مکمل طور پر ناکام رہی اور قومی ٹیم کے سیریز ہارنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقہ نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 117 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے جیت لی ہے۔

پیر کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 36 ویں اوور میں صرف 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا دوسرا بین الاقوامی ون ڈے کھیلنے والے صہیب مقصود نے نصف سینچری اسکور کی اور 53 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عمر اکمل 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ قومی ٹیم کا کوئی اور بلے باز 20 کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے وین پارنیل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فلنڈر، مک لارین اور ڈومینی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ جمعے کو ابوظہبی میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 28 رنز سے شکست دے کر سیریز پہلے ہی 1-3 سے جیت لی تھی۔

اس پوری سیریز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بالروں کے سامنے مکمل طور پر ناکام رہی اور قومی ٹیم کے سیریز ہارنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

اس سے قبل پیر کو ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر ہاشم آملہ قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور پہلے ہی اوور میں صرف تین رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ تیرہویں اوور میں ڈی کوک کی گری جنہوں نے 34 رنز بنائے۔

دوپلیسس نے 46 رنز اسکور کیے اور نمایاں رہے۔ ڈومنی دو، ملر 15، مک لارین 27 اور پیٹرسن دو رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لیکن جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 115 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر حریف کو ایک اچھا ہدف دینا ممکن بنایا۔ انہوں نے یہ اسکور 10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنایا اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

سعید اجمل نے تین اور جنید خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سہیل تنویر نے آخری ایک اوور میں 25 رنز دیے۔

ون ڈے سیریز کی تکمیل کے بعد دونوں ٹیمیں 13 اور 15 نومبر کو دو ٹی20 میچز بھی کھیلیں گی۔
XS
SM
MD
LG