رسائی کے لنکس

ابوظہبی ٹیسٹ:یونس اور مصباح کی سنچریاں


میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے تھے اور یوں سے سری لنکا پر 123 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 327 رنز بنائے اور اس کے چار کھلاڑی آوٹ ہوئے۔

میچ کے دوسرے دن کی خاص بات بلے باز یونس خان اور کپتان مصباح الحق کی سنچریاں تھیں۔

یونس خان 136 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ مصباح الحق 105 کے مجموعی اسکور پر وکٹ پر موجود ہیں۔

بدھ کو دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو مجموعی اسکور میں صرف 13 رنز کے اضافے کے بعد محمد حفیظ کی وکٹ کی صورت میں دوسرا نقصان اٹھانا پڑا۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے۔

سری لنکا کی طرف سے ارنگا نے دو اور لکمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی طرف سے جنید خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی تھی جب کہ اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلاول بھٹی نے تین اور سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان کی میزبانی میں سری لنکا یہ کرکٹ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیل رہا ہے جس میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر جب کہ پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز تین، دو سے پاکستان کے نام رہی۔
XS
SM
MD
LG