رسائی کے لنکس

پاکستان، سری لنکا کرکٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان


پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 11 دسمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی اس سیریز میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ بین الاقوامی اور دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو ایک بیان میں اس دورے کی تفصیلات کا اعلان کیا جس کے مطابق یہ میچز دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں کھیلے جائیں۔

اس دورے کی منظوری پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کے درمیان باہمی مشاورت کے بعد دی گئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 11 دسمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

مارچ 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد غیر ملکی ٹیمیں سلامتی کے خدشات کے باعث یہاں آنے سے انکار کرتی رہی ہیں۔

اس حملے میں چھ پاکستانی پولیس اہلکار اور میزبان ٹیم کی بس کا ڈرائیور ہلاک جبکہ پانچ سری لنکن کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔

پاکستان مختلف بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرتا آرہا ہے۔

گزشتہ ماہ پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا جہاں اس نے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں فتح حاصل کی تھی۔
XS
SM
MD
LG