رسائی کے لنکس

وہاب کی دھواں دار باؤلنگ، سری لنکا کے 34 پر پانچ آؤٹ


پہلی اننگز میں شاندار 196 رنز بنانے والے کرونارتنے اس بار صرف سات رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی شاندار باؤلنگ کی وجہ سے سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے لیکن اب بھی میچ پر بظاہر اس کی گرفت دکھائی دیتی ہے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو مہمان ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 35 رنز بنا لیے تھے اور اسے پاکستان پر 254 رنز کی برتری حاصل تھی۔

اتوار کو پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا کے اسکور 482 رنز کے جواب میں صرف 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس اننگز میں میزبان ٹیم کے اظہر علی اور حارث سہیل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ دونوں نے بالترتیب 59 اور 56 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی طرف سے ہیراتھ اور پریرا نے تین، تین جب کہ گامیج اور لکمل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے جیسے ہی اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ابتدائی بلے باز سلوا، محمد عباس کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے تین رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں شاندار 196 رنز بنانے والے کرونارتنے اس بار صرف سات رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمارا وکرما تھے جو 13 رنز بنا سکے۔ انھیں بھی وہاب ریاض نے آؤٹ کیا۔

لکمل صرف ایک رن بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

میچ کا تیسرا دن اپنے اختتامی لمحات میں تھا کہ وہاب ریاض نے سری لنکن کپتان چندی مل کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ کوئی رن نہیں بنا سکے۔

پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG