رسائی کے لنکس

اولیول پاس کرنے والا دنیا کا کم عمر ترین پاکستانی طالب علم


رائے حارث منظور
رائے حارث منظور

حارث منظور نے تقریباً ساڑھے نو سال کی عمر میں فزکس، کیمسٹری، ریاضی اور بیالوجی کے مضامین کے ساتھ کیمبرج یونیورسٹی کا اولیول پاس کر کے عالمی ریکارڈ بنایا

پاکستان کے ایک ہونہار طالب علم نے ساڑھے نو سال کی عمر میں کیمبرج یونیورسٹی کے او لیول کا امتحان پاس کرکے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

راولپنڈی کے رائے حارث منظور نے فزکس، کیمسٹری، ریاضی اور بیالوجی کے مضامین میں یہ امتحان پاس کیا۔

حارث کے والد رائے منظور ناصر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ ان کے بیٹے نے سات جماعتوں کا کورس 15 ماہ میں مکمل کیا۔

’’ اس (حارث) کی تاریخ پیدائش ہے 16 اگست 2004ء اور اس نے 13 مضامین پاس کیے ہیں اور سائنس مضامین کے ساتھ، جب سے کیمبرج یونیورسٹی بنی ہے یہ سب سے کم عمر طالب علم ہے جس نے یہ امتحان پاس کیا۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ دو سال کی عمر میں حارث شرارتی تھا تو انھوں نے سوچا کہ اس کو تعلیم کی طرف راغب کیا جائے۔

’’پری اسکولنگ ساری گھر پر ہوئی اس کے بعد دو سال یہ پرائیویٹ اسکول میں پڑھا، اس نے 2012ء میں چوتھی جماعت پاس کی اس کے بعد ہم نے اسے گھر پرہی پڑھایا۔‘‘

حارث یہ اعزاز حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔ اپنی کامیابی اور مستقبل کے ارادوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا۔

’’مشکل نہیں ہوئی آسانی سے ہوگیا، اچھا محسوس کر رہا ہوں، میں بہت خوش ہوں اور آگے میں نے بیریسٹر بننا ہے۔‘‘

اس سے قبل بھی یہ اعزاز پاکستان کے پاس تھا جو چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی ستارہ بروج اکبر نے 2012ء میں گیارہ سال کی عمر میں کیمبرج یونیورسٹی کا او لیول پاس کرکے حاصل کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG