رسائی کے لنکس

پی ایس ایل تھری کی اختتامی تقریب نے رنگ جما دیا


پاکستان سوپر لیگ فائنل میں شائقین
پاکستان سوپر لیگ فائنل میں شائقین

آج سے تقریباً ایک ماہ قبل شروع ہونے والی’ پاکستان سپرلیگ ‘ کا آج اتوار کو آخری روز تھا جس کی رنگا رنگ اختتامی تقریب اختتام کو پہنچی۔ تقریب کی شروعات پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور پی ایس ایل کے روح رواں نجم سیٹھی کے خطاب سے ہوا۔ اُنہوں نے کہا:

’’پی ایس ایل نہ میرا ہے نہ تیرا ہے ، یہ کسی سیاسی جماعت ادارے کا نہیں ، یہ عوام کا پی ایس ایل ہے ۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج اگر کراچی ایک امن پسند شہر کی حیثیت سے نظر آتا ہے تو اس کا سہرا پولیس، انٹیلی جینس اداروں، رینجرز، پولیس ، پاک فوج، اس کے شہداء، وفاقی و صوبائی حکومت اور اس کے ماتحت اداروں کو جاتا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان کی سپورٹ نہ ہوتی تو یہ دن کبھی نہیں آتا۔وزیراعلیٰ سندھ نے چار ماہ تک ہمارا ہاتھ بٹایا ہے۔ میں سب کو سلام پیش کرتا ہوں اوران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کراچی والو! آپ کو مبارک ہو۔ آج کے میچ کے بعد ویسٹ انڈیز کراچی کا دورہ کرے گی۔‘‘

اس کے بعد کرکٹ فینز اور تماشائیوں کے لئے انٹرٹینمنٹ کی محفل سجی۔

تقریب میں مختلف فنکاروں نے پرفارمنس دی۔پہلے عائمہ بیگ نےاپنی آواز کا جادو جگایا اور ساتھی فنکاروں نے ان کے گانے پر ڈانس پرفارمنس دی جبکہ کچھ اور دیگر فنکاروں نے بھی گانے گائے اور تماشائیوں کی داد و تحسین حاصل کی ۔

یہاں تک کہ پشاور زلمی کی پوری ٹیم اور خاص کر حسن علی نے بھی گیلری میں موجودگی کے دوران ہی گانے پر ڈانس کرنا شروع کردیا جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی خوب انجوائے کیا۔ ان کے ساتھ دینے کے لئے ڈیرن سیمی بھی چلے آئےاور گانے کے بولوں پر جھومتے رہے۔ڈیرن اردونہیں جانتے لیکن انہوں نے ثابت کیا کہ موسیقی کی کوئی زبان نہیں ہوتی۔

جس وقت پروگرام کے ہوسٹ بلال اشرف نے لائیو پرفارمنس کے لئے شہزاد رائے کو پکارا تو سارا سٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔ کرکٹ فینز نے ان کی پرفارمنس اور گانوں سے خوب انجوائے کیا۔

اسی دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی جے پی ڈومینی کو بھی اسٹیج پر بلایا گیا جنہوں نے پاکستانیوں کے دل جیتنے کے لئے سلام کیا اور اس کے بعد خوشی کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت پیار مل رہا ہے، کھلاڑی تیار ہیں، فائنل کے لئے پرجوش ہیں۔

ڈیرن سیمی، آندرے فلیچر اور حسن علی اسٹرنگز کی پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر آگئے جنہیں دیکھ کر کامران اکمل سے بھی نہ رہا گیا اور وہ بھی اسٹیج پر آگئے ۔ تمام کھلاڑیوں نے خود بھی سنگرز کے ہم آواز ہوکر گانا گایا۔

پخیر راغلے ، کیسے ہو کراچی ، پاکستان زندہ باد۔۔‘ یہ وہ پرجوش جملے تھے جو ڈیرن سیمی نے اسٹیج پر آکر اردو میں ادا کئے جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کراؤڈ بہت انجوائے کرے گا۔

لوگ ابھی ڈیرن سیمی کی باتوں سے انجوائے ہی رہے تھے کہ علی ظفر کی پرفارمنس کا اعلان ہوگیاجس پر تمام اسٹیڈیم جھوم اٹھا۔ علی ظفر نے ایونٹ کا آفیشل سانگ ’سیٹی بجے گی‘پیش کیا جس پر ان کے ساتھی فنکاروں نے بھی بھرپور انداز میں قدم سے قدم ملا کر پرفارمنس دی۔

XS
SM
MD
LG