رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 8 کا شاندار آغاز , دلچسپ مقابلے میں لاہور قلندرز کامیاب


پی ایس اہل 8 کے افتتاحی میچ کے فاتح لاہور قلندرز۔ 13 فروری 2023
پی ایس اہل 8 کے افتتاحی میچ کے فاتح لاہور قلندرز۔ 13 فروری 2023

پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں سیزن دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ایک رن سے کامیابی کے ساتھ شروع ہو گیا، ملتا ن میں ایونٹ کے پہلے میچ میں شاہین آفریدی کی ٹیم نے محمد رضوان کی ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیزن کا فاتحانہ آغاز کیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئےمیچ میں ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے حریف ٹیم کے اوپننگ بلے بازوں فخرزمان اور طاہر بیگ نے غلط ثابت کیا، دونوں نے پاور پلے کے دوران 50 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا ۔

طاہر بیگ کے 32 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شائے ہوپ، اور کامران غلام کے جلدآؤٹ ہوجانے کے بعد مہمان ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔

ایسے میں فخر زمان ایک اینڈ سے جارح مزاجی سے بیٹنگ کرتے رہے۔ تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے وہ 42 گیندوں پر 66 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

حسین طلعت کے 20 رنز اور سکندر رضا کے ناقابل شکست 19 کی بدولت لاہور قلندرز نے پہلے ہی میچ میں چھ وکٹ پر 175 رنز اسکور کیے۔

لیگ اسپنر اسامہ میر کے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں اور احسان اللہ کے 37 رنز کے عوض 2 وکٹوں کی بدولت دفاعی چیمپئن سائیڈ دو سو کا ہندسہ عبور نہ کرسکی جو ایک وقت میں آسان لگ رہا تھا۔

جواب میں ملتان سلطانز کو کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 12ویں اوور میں سو رنز کا اسٹینڈ دے کر شایقین کو محظوظ کیا، لیکن پہلے شان مسعود کے 35 اور پھر محمد رضوان کے 75 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم واپس میچ میں آگئی۔

لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی اور حارث روؤف کی نپی تلی بالنگ کی وجہ سے ملتان کی ٹیم آخری اوورز میں مشکلات کا شکار رہی، ڈیوڈ ملر کے 25 رنز کے بعد کیرون پولارڈ کے 19رنز میزبان ٹیم کو میچ میں تو واپس لے آئے لیکن اس کے بعد میچ مزید دلچسپ ہوگیا۔

جب آخری اوور میں ملتان کی ٹیم کو 15 رنز درکار تھے تو شاہین شاہ آفریدی نے گیند پہلے تجربہ کار ڈیوڈ ویزا کو دی لیکن بعد میں ڈگ آؤٹ سے ہدایات ملنے پر زمان خان سے فیصلہ کن اوور کرایا، کیوں کہ گزشتہ سال وہ اسی قسم کی صورت حال میں ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرچکے تھے۔

زمان خان کے اوور کی دوسری گیند پر کیرون پولارڈ ایک مشکل رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوئے۔ اس کی اگلی گیند پر ان فارم عثمان خان صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ آخری تین گیندوں پر ملتان کو 13 رنز درکار تھے لیکن ایک وائیڈ پر سنگل نے خوشدل شاہ کو اسٹرائیک پر پہنچا دیا ، جو رنز بنانے کی کوشش میں اسامہ میر کو رن آؤٹ کرا بیٹھے۔

آخری اوور کی پانچویں گیند پر خوشدل شاہ کے چوکے نے ملتان کو فتح سے چھ رنز کی دوری پر تو پہنچا دیا، لیکن وہ آخری گیند پر صرف چار رنز ہی بناسکے۔ اس طرح لاہور قلندرز نے ایونٹ میں پہلی بار ملتان سلطانز کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست سے دوچار بھی کیا، اور ٹورنامنٹ کا آغاز ایک رن کی فتح سے کیا۔

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردِعمل!

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے میچ سے پہلے ملتان کے اسٹیڈیم میں رنگارنگ افتتاحی تقریب ہوئی جس میں پاکستان سپر لیگ 8 کا ترانہ گانے والے فنکاروں شے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے پرفارم کیا۔

ان کے ساتھ ساتھ آئمہ بیگ نے قومی ترانہ پڑھا اور بعد میں معروف موسیقار و گلوکار ساحر علی بگا کے ساتھ گانوں کے ایک میڈلے پر پرفارم کیا جسے ساحر علی بگا نے کمپوز کیا تھا۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بھی شرکت کی ۔ ان کی تقریر کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوا، جب کہ ڈانسرز نے پی ایس ایل کے تمام ترانوں کے ری مکس پر ڈانس کرکے شایقین کا لہو گرمایا۔

بھارتی صحافی اویناش آریان نے اس افتتاحی تقریب کو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بہترین افتتاحی تقریب قرار دیا۔

جب کہ دی شاہین برگیڈ نامی صارف نے بھی اس تقریب کی خوب تعریف کی۔

شہریار اعجاز نامی صارف نےبھی قومی پرچم کو لائٹ کے ذریعے دکھانے کو ایک اچھا قدم قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر افتتاحی تقریب کے بارے میں دلچسپ تبصرہ دیکھنے میں آیا، معروف کامیڈین ارسلان نصیر نے تو اس تقریب کے بارے میں لکھتے ہوئے کہا کہ 'تقریب دیکھ کروہ مجبور باپ یاد آگیا جو قرضہ لے کر بیٹی کی شادی دھوم دھام سے کرواتا ہے۔'

ساج صادق نامی صارف نے دیر سے میچ شروع ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ فلڈ لائٹس میں آتش زدگی کی وجہ سے ایسا ہوا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG