رسائی کے لنکس

سوات: حادثاتی طور پر گولی چلنے سے پانچ طالبات زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسکول کے گارڈ کے ہاتھ سے بندوق گری جسے اٹھاتے ہی اچانک اس سے گولی چل گئی۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک اسکول میں محافظ سے حادثاتی طور پر بندوق چلنے سے پانچ طالبات زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح سوات کے علاقے مدین میں لڑکیوں کے اسکول میں پیش آیا۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق اسکول کے گارڈ کے ہاتھ سے بندوق گری جسے اٹھاتے ہی اچانک اس سے گولی چل گئی۔

حادثاتی طور پر گولی چلنے سے پانچ طالبات معمولی زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر سکیورٹی گارڈ کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

دسمبر 2014ء میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے مہلک دہشت گرد حملے کے بعد خیبرپختونخوا میں اساتذہ اور اسکول کے عملے کو اسلحہ رکھنے کی اجازت اور اسلحہ چلانے کی تربیت فراہم کی گئی تھی تاکہ کسی بھی حملے کی صورت میں سکیورٹی فورسز کے آنے تک یہ لوگ اپنا دفاع کرنے کا قابل ہو سکیں۔

تاہم اس اقدام کے نتیجے میں کچھ ناخوشگوار واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ بونیر کے ایک پرائمری اسکول میں چوکیدار اپنی ہی بندوق حادثاتی طور پر چل جانے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا جب کہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں بھی ایسے ہی واقعے نے وہاں ایک اسکول کے چوکیدار کی جان لے لی تھی۔

گزشتہ سال سوات میں ایک 12 سالہ طالب علم اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب وہ اسکول کے ایک استاد کے پستول سے حادثاتی طور پر ہونے والی فائرنگ کی زد میں آگیا تھا۔

XS
SM
MD
LG