رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی اسکواڈ کا اعلان


پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کوچ مکی آرتھر کے ہمراہ۔ فائل فوٹو
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کوچ مکی آرتھر کے ہمراہ۔ فائل فوٹو

قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا انتخاب ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ مشاورت کی بعد اعلان کی گئی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر سرا فراز احمد ہونگے۔

ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں انضمام الحق نے کہا ہے کہ تین نئے کھلاڑیوں آصف علی، حسین طلعت اور شاہین شاہ آفریدی کو پی ایس ایل تھری میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر ٹی ٹوئنٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

انضمام الحق نے کہا ہے کہ گیند بازی میں بھی پی ایس ایل میں بہتر کارکردگی دکھانے پر راحت علی کو دوبارہ ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ پی ایس ایل تھری میں انجری کا شکار ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم اور رومان رئیس تا حال فٹ نہیں ہیں لہذا انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ شاہین خان شنواری کو مکمل طور پر فٹ ہونے پر پندرہ رکنی دستے میں شامل کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئندہ ماہ یکم، دو اور تین اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔

پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے اعلان کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی سیریز کے تینوں میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں پی ایس ایل کا فائنل کھیلا گیا تھا ۔ یہیں انہوں نے اتوار کو پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں خطاب کے دوران اس سیریز کا خصوصی طور پر ذکر کیا تھا۔

یہ سیریز گزشتہ سال نومبر میں ہونا تھی لیکن ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی کراچی آمد سے ہچکچاہٹ کے باعث سیریز اپریل میں ری شیڈول کی گئی ۔

اس سیریز کے ٹکٹس بھی پی ایس ایل فائنل کی طرح آن لائن فروخت کئے جائیں گے ۔

ٹکٹوں کی فروخت کی ذمہ داری بھی ایک مرتبہ پھر کورئیر کمپنی کو دی گئی ہے ۔

ٹکٹ کی کم از کم قیمت 500 روپے اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 6000 روپے ہے۔

XS
SM
MD
LG