رسائی کے لنکس

انسداد دہشت گردی کے لیے مربوط کوششوں پر زور


وزیراعظم راجہ پرویز اشرف (فائل فوٹو)
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف (فائل فوٹو)

وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کی طرف سے تحقیقات کے فرسودہ نظام کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور تفتیش کا زیادہ انحصار سائنسی طریقہ کار پر ہونا چاہیئے۔

وزیراعظم راجہ پرویز نے کہا ہے کہ دہشت گردی معاشرے کے ہر طبقے اور عوام کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اُنھوں نے کہا اس لعنت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان قریبی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

تربیت مکمل کرنے والے نئے پولیس افسران سے بدھ کو اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ قریبی رابطے بڑھائیں تاکہ معاشرے میں ریاست مخالف اور سماج دشمن عناصر کے خلاف معلومات جمع کرنے میں مدد مل سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کی طرف سے تحقیقات کے فرسودہ نظام کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور تفتیش کا زیادہ انحصار سائنسی طریقہ کار پر ہونا چاہیئے۔

اُنھوں نے کہا کہ ناقص تحقیقات کے باعث ملزمان عدالتوں سے رہا ہو جاتے ہیں جس کی مزید اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اُدھر وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے ایک اور تقریب سے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوامی رائے عامہ کو ہموار کیا جس سے پاکستانی فوج کو اس لڑائی میں شدت پسندوں کے خلاف نمایاں کامیابی ملی۔

موجودہ حکومت یہ کہتی آئی ہے کہ دہشت گردی نے ملک کو بری طرح متاثر کیا ہے لیکن وہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے مربوط کوششیں جاری کھنے کے عزم پر قائم ہے۔
XS
SM
MD
LG