رسائی کے لنکس

پاکستان کا آبدوز سے کروز میزائل 'بابر تھری' کا تجربہ


بابر تھری اپنے ہدف کی طرف جا رہا ہے
بابر تھری اپنے ہدف کی طرف جا رہا ہے

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس جدید میزائل کے کامیاب تجربے سے کسی بھی جوہری حملے کی صورت میں پاکستان کی جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت مزید بہتر ہوئی ہے۔

پاکستان نے آبدوز کے ذریعے کروز میزائل "بابر تھری" کا کامیاب تجربہ کرنے کا بتایا ہے۔

پیر کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ میزائل 450 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بیان کے مطابق یہ تجربہ بحر ہند میں ایک خفیہ مقام پر زیر سمندر موبائل پلیٹ فارم سے کیا گیا۔

راہنمائی کے جدید نظام اور ٹیکنالوجی سے لیس یہ کروز میزائل ہر طرح کے جنگی ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کے علاوہ دشمن کے ریڈار اور فضائی دفاعی نظام سے بچتے ہوئے نچلی پرواز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس جدید میزائل کے کامیاب تجربے سے کسی بھی جوہری حملے کی صورت میں پاکستان کی جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت مزید بہتر ہوئی ہے۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ ہی پاکستان نے بابر ٹو کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو 700 کلومیٹر تک خشکی اور سمندر میں اپنے اہداف کو مار کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

یہ میزائل اسٹیلتھ یعنی ریڈار کی نظر سے اوجھل ہونے کی ٹیکنالوجی کا حامل ہے۔

پیر کو بابر تھری کے کامیاب تجربے پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات نے مسلح افواج اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔

XS
SM
MD
LG