رسائی کے لنکس

تھر میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے کا افتتاح


منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہر سال 38 لاکھ ٹن کوئلہ نکال کر اس سے 660 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جب کہ دوسرے مرحلے میں یہ پیداوار 1320 میگا واٹ تک ہو جائے گی۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں تھر کے علاقے میں کوئلے کے قدرتی وسائل کو استعمال میں لا کر ملک میں توانائی کے بحران کو کم کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے جمعہ کو تھر میں کوئلے کی مدد سے بجلی بنانے کے ایک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مشترکہ کوششوں سے ہی توانائی جیسے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی اس موقع پر کہا کہ قومی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے سندھ کے علاقے تھر میں وفاقی حکومت کی دلچسپی پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر مزید کہا کہ اس سال کے آخر تک مائع گیس کی درآمد شروع ہو جائے گی اور ایک ڈیڑھ سال میں گیس کی قلت پر قابو پا لیا جائے گا۔

’’ملک میں بجلی کی بہت زیادہ کمی ہے اور اس کے لیے ہم اہتمام کر رہے ہیں اس کے لیے بہت سے منصوبے زیر عمل ہیں اور ان پر بہت تیزی سے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ تھر میں کوئلے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ کے لوگوں کے لیے خوشحالی کا سبب بنے گا۔

تقریب کے بعد وزیراعظم کو اس منصوبے کے بارے ایک تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی اور سندھ حکومت کا ایک مشترکہ منصوبہ ہے۔

تھر کے کوئلے کے ذخائر کو 12 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس میں ایک بلا ک پر یہ کمپنی سندھ حکومت کے اشتراک سے بجلی گھر قائم کرے گی۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہر سال 38 لاکھ ٹن کوئلہ نکال کر اس سے 660 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جب کہ دوسرے مرحلے میں یہ پیداوار 1320 میگا واٹ تک ہو جائے گی۔

اس منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی کو 250 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے نیشنل گرڈ سے ملایا جائے گا۔

ایک اندازے کے مطابق کوئلے کے ذخائر کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اور ماہرین کے مطابق ان کو استعمال میں لا کر آئندہ کئی سو سال تک کے لیے ہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں حال ہی میں جوہری بجلی گھر بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے جس سے 2200 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔

نواز شریف نے کہا کہ دریائے سندھ پر دیا میر بھاشا، داسو اور منجھی ڈیم کے منصوبوں سے بھی 15000 میگا واٹ کی بجلی کی پیداوار ہوسکتی ہے، جن پر کام شروع کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG