رسائی کے لنکس

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کی تاریخوں کو باضابطہ طور پر حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے سات جنوری تک کھیلی جائے گی۔

کرونا بحران کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کا یہ دوسرا بیرونِ ملک دورہ ہو گا۔ اس سے قبل پاکستان نے اگست میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کا باقاعدہ آغاز 18 دسمبر کو آکلینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے ہو گا۔ سیریز کا دوسرا میچ 20 دسمبر کو ہیملٹن اور آخری میچ نیپئر میں 22 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 26 سے 30 دسمبر کو ماؤنٹ میونگانائی کے بے اوورل میں ٹکرائیں گی جب کہ کرائسٹ چرچ کا ہیگلے اوول گراؤنڈ دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا جو تین جنوری سے شروع ہو گا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی میزبانی کر کے ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے کیوں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں شائقین کی دلچسپی قابلِ دید ہوتی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو لاہور سے روانہ ہو گی جس کے بعد کھلاڑی 14 روز کے لیے لنکن میں قرنطینہ میں رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق قرنطینہ کے دوران کھلاڑی کرکٹ کی کسی سرگرمی کا حصہ نہیں ہوں گے اور آکلینڈ روانگی سے قبل اُن پر کووڈ 19 کے پروٹوکول کا عمل درآمد ہو گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2018 میں نیوزی لینڈ کی سرزمین پر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی۔ میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 0-5 سے شکست دی تھی جب کہ تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے پاکستان کے نام رہی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مرتبہ 2016 میں دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی تھی اور دونوں میچوں میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG