رسائی کے لنکس

سوات میں پن بجلی گھر کا افتتاح


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ’یواین ایچ سی آر‘ کے تعاون سے وادی سوات کے ایک دوردراز علاقے بری کوٹ میں تعمیر کیے گئے ایک چھوٹے پن بجلی گھر نے جمعہ سے کام کرنا شروع کر دیا ہے جس سے 80 سے زائد گھرانوں کو بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

یواین ایچ سی آر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں مقامی آبادی کے ساتھ مل کر شروع کیے جانے والے منصوبوں میں سے یہ ایک ہے ۔

بیان کے مطابق پن بجلی کا یہ منصوبہ مقامی آبادی سے تفصیلی مشاورت کے بعد شروع کیا گیا تھا اور یواین ایچ سی آر نے ایک مقامی معاون تنظیم ’سرحد رورل سپورٹ پروگرام‘ کے ساتھ مل کر توانائی کی پیدوار کے 12 ایسے منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن سے 1755 گھرانے مستفید ہو سکیں گے۔

اس منصوبے کی کل مالیت تین کروڑ 80 لاکھ روپے (تین لاکھ 50 ہزار ڈالر) تھی جب کہ اس کے علاوہ مقامی آبادی نے بھی اس منصوبے کی تعمیر میں خود کام کرنے کے علاوہ علاقے میں دستیاب تعمیراتی سامان بھی فراہم کیا۔

یواین ایچ سی آر کے پشاور میں سربراہ احمد وارسیم نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ عالمی تنظیم ایسے قابل عمل منصوبوں پر کام کرنے کے لیے تیا رہے جس میں مقامی آبادی تعاون پر تیار ہو۔

XS
SM
MD
LG