رسائی کے لنکس

کراچی میں امریکہ کے قومی دن کی تقریب


امریکی سفیر،قائم مقام گورنر سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کیک کاٹ رہے ہیں
امریکی سفیر،قائم مقام گورنر سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کیک کاٹ رہے ہیں

کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل ولیم مارٹن کی رہائش گاہ پر امریکہ کے قومی دن کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں امریکی سفیر کیمرون منٹر ، قونصل خانے کے اراکین اور ان کے اہلِ خانہ سمیت صوبے کی سیاسی ،سماجی و اقتصادی اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو بڑی تعداد میں مدعو کیا گیا تھا ۔

اس موقع پر امریکی سفیر کیمرون منٹر نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ اس مشکل وقت میں بھی دوست ہیں اور یہ تقریب اس دوستی کی مزید توثیق کرتی ہے۔”پاکستانیوں اور امریکیوں میں آزادی، انصاف اور جمہوریت کے استحکام کے لیے جدوجہد سمیت بہت سی قدریں مشترک ہیں اور دونوں ممالک ان پر یقین رکھتے ہیں۔ “



بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 ء کے مشہور خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ جناح نے ایک آزاد معاشرے کا خواب دیکھا تھا جہاں کسی بھی رنگ و نسل اور مذہب سے تعلق رکھنے والا شخص اپنے عقائد کے فرائض میں آزاد ہو اور یہ وہ تصورات ہیں جو پاکستان اور امریکہ کو برقرار رکھتے ہیں۔ان کے بقول ”جناح کے ان ہی الفاظ کے آئینے میں ہمیں بے نظیر بھٹو، سلمان تاثیر، شہباز بھٹی ، سلیم شہزاد اور مسلح افواج کے ان جوانوں کو یاد رکھنا چاہیئے جنہوں نے اپنی زندگی قربان کردی۔ “

امریکہ کے 235 ویں قومی دن کی اس تقریب سے سندھ کے قائم مقام گورنر اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر نثار کھوڑو نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اتار چڑھاوٴ کے باوجود دوستی کا رشتہ قائم ہے۔ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں صف اول پرہے اور اس جنگ میں اپنی افواج کے کردار کو ہم سراہتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں امریکہ سے امداد نہیں تجارت چاہےئے اس لیے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کو فروغ ملنا چاہےئے ۔

دوسری جانب تقریب میں موجود بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے اسپیکر اسلم بھوتانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پاکستان کی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب ہے اور نہ سرحد۔ اس جنگ نے سب سے زیادہ پاکستان کو متاثر کیا جہاں بہت سی جانیں ضائع ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے عوام کی سطح پر باہمی تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے۔

اگرچہ امریکہ کا یومِ آزادی چار جولائی کو منایا جاتاہے تاہم کراچی میں یہ تقریب اس تاریخ سے دو روز قبل منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا آغاز پرچم کی سلامی کے بعد پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانوں سے ہوا جسے امریکی قونصل خانے کے اسٹاف نے پیش کیا۔ جبکہ اختتام معروف گلوکار شہزاد رائے کے گیتوں سے ہوا۔

XS
SM
MD
LG