رسائی کے لنکس

خیبر میں پاکستانی اہلکاروں کی ہلاکت پر امریکہ کی تعزیت


قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جمعہ کو عسکریت پسندوں کے ساتھ خونریز جھڑپوں میں 10 فوجیوں کی ہلاکت پر امریکہ نے اظہار تعزیت کیا ہے۔

ہفتہ کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ شدت پسندوں سے نمٹنے کے لیے امریکی قوم پاکستانیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

’’پاکستان اور امریکہ کے عوام تشدد آمیز انتہا پسندوں کے خطرے کا سامنا کر رہے ہیں جو اپنی رائے دوسروں پر تھونپنے کے لیے ووٹ کے بجائے بندوق کی گولی کا استعمال کر رہے ہیں‘‘۔

بیان میں پاکستان کی مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’’ان کی سرفروشی اور جرات پر ہم سب کو فخر ہے اور ہماری دعائیں اور اعانت ان کے ساتھ ہیں‘‘۔

جمعہ کی صبح خیبر ایجنسی کی وادی تیرہ میں ایک پہاڑی پر قائم فوجی چوکی پر درجنوں عسکریت پسندوں نے خود کار ہتھیاروں سے حملہ کر کے کم از کم 10 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔

حملے کے بعد علاقے میں ہونے والی گھمسان کی لڑائی میں 23 سے زائد شدت پسند بھی مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG