رسائی کے لنکس

سیسمی اسٹریٹ طرز کی پاکستانی سیریز کے لیے امریکی امداد منسوخ


پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ بچوں میں مقبول سیسمی اسٹریٹ ٹی وی سیریز کی طرز پر رفیع پیر تھیٹر کے اشتراک سے جاری ایک پاکستانی منصوبے کو روک دیا گیا ہے۔ لیکن سفارتخانے کی ایک ترجمان نے اس فیصلے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

امریکی حکومت نے رفیع پیر تھیٹر کے اس منصوبے کے لیے دو کروڑ ڈالرز کی مالی معاونت کا اعلان کیا تھا اور اس کا مقصد پاکستانی بچوں کو ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

گزشتہ سال کے اواخر میں اس مشترکہ پیشکش کی ایک سو سے زائد اقساط تیار کرنے کے بعد انھیں پاکستان کے سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ منصوبے کے تحت سم سم ہمارا نامی اس سیریز کے 78 پروگرام اردو جب کہ 52 اقساط دیگر علاقائی زبانوں میں پیش کی جانی تھیں۔ لیکن منگل کو بعض پاکستانی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق اس منصوبے میں مبینہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کی بنیاد پر امریکہ نے رفیع پیر تھیٹر کو مالی وسائل کی فراہمی منسوخ کردی ہے۔

امریکی سفارتخانے کی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ منصوبہ روک دیا گیا ہے لیکن اس حوالے سے مزید کچھ سے گریز کیا ہے۔

رفیع پیر ورکشاپ کے ایک اعلیٰ عہدیدار فیضان پیرزادہ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بدعنوانی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اپنی تنظیم کی جانب سے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مالی معاونت میں ایک کروڑ ڈالرکی رقم لازمی تھی جو کہ فراہم کردی گئی۔

’’باقی رقم فنڈز کی دستیابی سے مشروط تھی اور اب چونکہ (فنڈز) موجود نہیں ہیں تو ستمبر کے بعد سے رقم فراہم نہیں کی جائے گی۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ امریکی معاونت سے اس منصوبے کے آغاز اور بعدازاں پہلے مرحلے کی تکمیل میں خاصی مدد ملی او اب رفیع پیر تھیٹر اسے اپنے طور پر آگے لے کر چلے گا۔

XS
SM
MD
LG