رسائی کے لنکس

پاکستانی وفد نیویارک کی بڑی تجارتی نمائش میں شریک ہوگا


(فائل فوٹو)

بیان کے مطابق یہ نمائش امریکہ میں سب سے بڑی فرنچائز نمائش ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی امریکہ کی چار سو سے زائد فرنچائز اپنی جدید ترین مصنوعات اور خدمات نمائش کے لیے پیش کریں گی۔

اسلام آباد میں قائم امریکہ کے سفارت خانے کے مطابق امریکی کمرشل سروس کے تعاون سے رواں ہفتے کراچی، اسلام آباد اور میر پور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمپنیوں کا ایک وفد نیو یارک میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی فرنچائز نمائش 2017 میں شرکت کرے گا۔

واضح رہے کہ امریکی کمرشل سروس، امریکی محکمہ کامرس کے انٹرنیشنل ٹریڈ ایڈمنسٹریشن میں تجارتی فروغ کا شعبہ ہے۔

سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق 15 سے 17 جون تک منعقد ہونے والی یہ نمائش امریکہ میں سب سے بڑی فرنچائز نمائش ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی امریکہ کی چار سو سے زائد فرنچائز اپنی جدید ترین مصنوعات اور خدمات نمائش کے لیے پیش کریں گی۔

امریکی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نمائش کے موقع پر پاکستانی کمپنیوں کو امریکی فرنچائزز کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے مواقع میسر آئیں گے جس سے پاکستان کی تیزی سے بڑھتی صارفین کی منڈی میں اعلیٰ معیار کی حامل نئی مصنوعات متعارف ہوں گی۔

امریکی تجارتی سروس پاکستانی کمپنیوں کو تجارتی شراکت داری اور مشاورت میں تعاون فراہم کرے گی۔

بیان میں نمائش میں پاکستانی شرکت کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے امریکی تجارتی قونصلر اسٹیو نوڈ نے کہا کہ بہت سی امریکی فرنچائزز پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں اور میرا خیال ہے کہ ابھی اس میں بھرپور طلب ہے۔

’’بین الاقوامی فرنچائز نمائش میں بہترین امریکی فرنچائزز کو پاکستانی کمپنیوں سے متعارف کرانے پر ہمیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن یہ کمپنیاں امریکہ کی بہترین مصنوعات اور خدمات کو پاکستانی صارفین تک پہنچائیں گی۔‘‘

امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور 2016ء میں امریکی کمرشل سروس کے تعاون سے دو سو سے زائد پاکستانی تاجروں نے پولٹری، ویسٹ منیجمنٹ، انفارمیش ٹیکنالوجی اور شمسی توانائی سمیت مختلف اہم امریکی تجارتی شوز میں شرکت کی تھی۔

امریکی کمرشل سروس کے ماہرین 100 سے زائد امریکی شہروں اور 75 سے زائد ممالک میں امریکی کمپنیوں کے لیے نئی تجارتی منڈیوں اور برآمدات میں اضافے کے لیےکام کرتے ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG