رسائی کے لنکس

لاہور میں امریکی قونصل خانے کے باہر تعینات محافظ گولی چلنے سے ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور میں امریکی قونصل جنرل نے ایک نجی کمپنی کے محافظ امجد اقبال شاہ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

لاہور میں امریکی قونصل جنرل نے قونصل خانے کے باہر تعینات ایک نجی کمپنی کے محافظ امجد اقبال شاہ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران اقبال شاہ کی بندوق سے گولی چلنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا تھا، جس کے بعد اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

تاہم پولیس عہدیداروں کے مطابق قونصل خانے کے باہر تعینات گارڈ نے خود کو گولی مار لی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے سے پہلے گارڈ نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ اپنے اہلِ خانہ سے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے پریشان ہے، تاہم اس مؤقف کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔

امجد اقبال شاہ ایک نجی کمپنی سکیورٹی منیجمنٹ سروس کا ملازم تھا اور قونصل خانے کی حفاظت پر چار سال سے تعینات تھا۔

قونصلر جنرل نے اپنے بیان میں امجد اقبال شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے کام کا ریکارڈ بہت عمدہ تھا اور ٹیم کے اراکین اس کا احترام کرتے تھے۔

دنیا بھر میں امریکی سفارتخانے اپنی چار دیواری سے باہر حفاظت کے لیے مقامی پولیس یا مسلح پرائیویٹ گارڈز پر انحصار کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG