رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر سمیت 6 ہلاک


سنگین زدران القاعدہ سے منسلک طالبان کے حقانی نیٹ ورک کا ایک اہم کمانڈر تھا اور امریکہ نے 2011 میں اس کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کو مبینہ امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ سے منسلک طالبان کے حقانی نیٹ ورک کے ایک اہم کمانڈر ملا سنگین زدران سمیت چھ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

مقامی قبائلیوں اور انٹیلی جنس حکام کے مطابق افغان سرحد کے قریب تحصیل غلام خان میں طلوع آفتاب سے قبل ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے جہاں سنگین زدران اپنے پانچ ساتھیوں سمیت موجود تھا۔

ملا سنگین طالبان کے حقانی نیٹ ورک کا ایک اہم کمانڈر تھا اور اس کا تعلق افغانستان کے زدران قبیلے سے تھا۔

امریکی حکومت نے 2011ء سے سنگین زدران کا نام مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر رکھا تھا اور حکام کے مطابق وہ افغانستان میں امریکی اور بین الاقوامی افواج پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔

مقامی قبائلیوں سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق ملا زدران کی اہم ذمہ داریوں میں افغانستان میں جنگجو بھجوانا بھی شامل تھا۔

سرکاری طور ملا سنگین زدران کی ہلاکت پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔

شمالی وزیرستان کے جس علاقے میں یہ حملہ ہوا اس کے بارے میں امریکی و دیگر حکام باور کراتے آئے ہیں کہ وہاں سرحد پار دہشت گرد حملوں میں ملوث شدت پسندوں نے اپنی پناہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں۔

شمالی وزیرستان میں گزشتہ ہفتے بھی ایک ڈرون حملے میں تین مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

وزارتِ خارجہ سے جمعہ کو جاری کیے گئے بیان میں تازہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسی ’’یک طرفہ‘‘ کارروائیاں پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔

پاکستان ڈرون حملوں کو فی الفور بند کرنے کی اہمیت پر زور دیتا آیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان تسلسل سے یہ بات واضح کرتی آئی ہے کہ ڈرون حملے غیر سود مند ہیں، ان میں معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں اور ان حملوں کے حقوقِ انسانی اور انسانی ہمدردی سے متعلق مضمرات بھی سامنے آتے ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ
پاکستان کی وزارت خارجہ

پاکستان کا موقف ہے کہ ڈرون حملے خطے میں امن و استحکام سے متعلق امریکہ اور پاکستان کی مشترکہ امنگوں پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔

امریکہ دہشت گردوں کے خلاف ڈرون حملوں کو ایک موثر ہتھیار گردانتا ہے۔

پاکستانی وزیرِ اعظم کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی میں اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو قوی اُمید ہے کہ ڈرون حملے بند کروانے کی کوششوں میں مستقبل میں پیش رفت ہوگی۔
XS
SM
MD
LG