رسائی کے لنکس

پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں اسکولوں کی بہتر ی کے لیے امریکی امداد


امریکی سفیر این پیٹرسن (فائل فوٹو)
امریکی سفیر این پیٹرسن (فائل فوٹو)

ہفتہ کو لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان میں امریکی سفیر این پیٹرسن اور پنجاب حکومت کے نمائندے نے اس پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کیے۔ جس کے تحت امریکہ جنوبی پنجاب میں معیار تعلیم کی بہتری کے لیے 14کروڑ 80لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس پروگرام کے تحت پانچ ہزار اسکولوں میں وہ سہولیات فراہم کی جائیں گی جو پہلے دستیاب نہیں ہیں ، جس کے بعدوہاں اُن تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور اس کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اس امداد سے سیلاب سے متاثرہونے والے پانچ سو اسکولوں کی بحالی سمیت اسکول کے عملے کوتربیت دینے کے علاوہ نصابی کتب بھی خریدی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر این پیٹرسن نے کہا کہ امریکہ اسکول کونسلوں کی شمولیت کے ذریعے ان درس گاہو ں کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے بھی پنجاب حکومت کی مدد کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے مقامی اسکولوں کی انتظامی کمیٹیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور مقامی آبادی میں تعلیم کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ یہ احساس بھی پیدا کیا جائے گا کہ ان اسکولوں پر اُن کا بھی حق ہے۔

اس پروگرام کے تحت پنجاب کے اضلاع خانیوال،ملتان،بہاولپور،ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے میں مدد کے علاوہ پنجاب حکومت کی طرف سے پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات میں معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان سینیٹر پرویز رشیدنے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے اوراس سے عوام میں امریکہ کے لیے اچھے جذبات جنم لیں گے۔ انھوں نے کہا ”یہ جو تصور ہے کہ امریکہ ایک ایسا دوست ہے جو اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے تو آگے بڑھتا ہے مگر اپنے دوستوں کی مصیبت اور پریشانی میں مدد نہیں کرتا اس تاثر کو بھی رد کرنے میں مدد ملے گی“۔

XS
SM
MD
LG