رسائی کے لنکس

تبادلہ پروگرام کے تحت 111 پاکستانی طلبہ امریکہ جائیں گے


اس تبادلہ پروگرام کے تحت طلبہ کو امریکی کالجوں اور جامعات میں امریکی طلبہ کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایک سمسٹر گزارنے کا موقع ملتا ہے۔

پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے امریکی فنڈ سے چلنے والے 2018ء کے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (گلوبل یوگراڈ) میں شرکت کے لیے منتخب ہونے والے 111 پاکستانی پاکستانی انڈرگریجویٹ طلبہ سے ملاقات کی۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق اس تبادلہ پروگرام کا اجرا 2010 میں کیا گیا تھا، جس کے بعد سے اب تک تقریباً 1500 پاکستانی طلبہ اس پروگرام میں شرکت کر چکے ہیں۔

اس تبادلہ پروگرام کے تحت طلبہ کو امریکی کالجوں اور جامعات میں امریکی طلبہ کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایک سمسٹر گزارنے کا موقع ملتا ہے۔

سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت تعلیم کی قوت پر یقین رکھتی ہے اور امریکہ ایسی سرمایہ کاری پر یقین رکھتا ہے جس سے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان تعمیر ہو۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ دنیا میں کسی بھی دوسرے امریکی سفارت خانے کی نسبت سب سے بڑے تعلیمی و پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں کے لیے تعاون کرتا ہے۔

سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق 'گلوبل یوگریڈ' کے پاکستانی شرکا کا انتخاب پاکستان بھر سے کیا گیا ہے جو ہیومنٹیز، انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن اور سائنسز سمیت مختلف تعلیمی شعبوں کے وسیع دائرۂ کارکی نمائندگی کرتے ہیں۔

یو ایس ایجوکیشنل فائونڈیشن پاکستان (یو ایس ای ایف پی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے کہا کہ 'یوگریڈ' امریکی محکمۂ خارجہ کا سب سے مشہور پروگرام ہے۔

ریٹا اختر نے کہا کہ اس پروگرام میں طلبہ کی دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے کیونکہ اس کے تحت طلبہ امریکہ سے واپسی پر امریکی عوام، امریکی اعلیٰ تعلیم اور کمیونٹی سروسز سے متعلق اپنے خیالات و تجربات کا تبادلہ کرتے ہیں۔

بیان کے مطابق اس پروگرام کے لیے 2017ء میں یو ایس ایجوکیشنل فائونڈیشن پاکستان کو 1300 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

یو ایس ایجوکیشنل فائونڈیشن پاکستان ایک دو قومی کمیشن ہے، جسے پاکستان اور امریکہ کی حکومتوں نے 1950ء میں قائم کیا تھا۔ یہ کمیشن پاکستان میں 'گلوبل یوگریڈ' پروگرام کے نظم و نسق کے لیے امریکی سفارت خانے کی مدد کرتا ہے۔

اس کمیشن کا مشن تعلیمی و ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان مشترکہ مفاہمت و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

XS
SM
MD
LG