رسائی کے لنکس

ماحولیاتی مسائل کو پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈئیلاگ کا حصہ بنانے کا مطالبہ


ماحولیاتی مسائل کو پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈئیلاگ کا حصہ بنانے کا مطالبہ
ماحولیاتی مسائل کو پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈئیلاگ کا حصہ بنانے کا مطالبہ

وفاقی وزیر ماحولیات حمید اللہ جان آفریدی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے بعد پاکستان کو پہلے سے درپیش ماحولیاتی مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ماحولیات سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو سالانہ 365 ارب روپے کی ضرورت ہے لیکن اُن کی وزرات کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ اپنے طور پر ان تمام مشکلات سے نمٹ سکے۔

حمید اللہ جان آفریدی نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے تعاون سے 12 لاکھ ڈالر مالیت کے 24 ایسے منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جن کا مقصد ملک کے مختلف حصوں میں عوامی سطح پر ماحول کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے ۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکومت اقوام متحدہ اور بعض دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر محدود پیمانے پر ماحولیات سے متعلق منصوبوں پر کام کر رہی ہے لیکن اُن کا کہنا ہے کہ اس اہم مسئلے سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت ماحولیاتی مسائل کو پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا حصہ بنائے ۔

حمید اللہ جان آفریدی
حمید اللہ جان آفریدی

اُنھوں نے بتایا کہ ماضی میں وزرات ماحولیات او ر امریکی حکام کے درمیان مفاہمت کی کئی یاداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں لیکن اُن پر پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ماحولیا ت کے مسائل کواسٹریٹیجک مذاکرات میں شامل کرنے سے ان کے حل کے لیے ایک مخصوص رقم کاحصول ممکن ہوگا جس سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

حمید اللہ جان نے یہ مطالبہ ایسے وقت کیا ہے جب آئندہ بد ھ سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کاایک اور دور واشنگٹن میں ہورہا ہے۔ مذاکرات کے اس عمل میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جب کہ امریکی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کریں گی۔

پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے تحت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے علاوہ ، زراعت، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور صحت سمیت تیرہ مختلف شعبوں کا انتخاب کیا گیا تھا جن کے لیے امریکہ پاکستان کو اعانت فراہم کرے گا۔ ان میں سے بعض شعبوں کے لیے پہلے ہی رقم فراہم کی جاچکی ہے جس کے تحت بجلی کی پیدوار بڑھانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG