رسائی کے لنکس

11 جدید امریکی بکتر بند گاڑیاں پاکستانی پولیس کے حوالے


امریکی حکومت کی طرف سے بدھ کو پاکستانی پولیس کو دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف لڑنے کے لیے 11 بکتر بند گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں۔

پاکستان کے وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ جدید آلات کی فراہمی سے دہشت گردی سمیت ملک کو درپیش چلینجوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کی کارکردگی میں بہتر آئے گی۔

انھوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ بطور شراکت دار کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ سکیورٹی کے معاملات کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں خصوصاً تعلیم کے شعبے میں وسیع اور جامع شراکت داری کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت کی طرف سے بدھ کو پاکستانی پولیس کو دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف لڑنے کے لیے 11 بکتر بند گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں۔

یہ گاڑیاں امریکی محکمۂ خارجہ کے قائم مقام معاون سیکرٹری ڈیوڈ رینز نے اسلام آباد پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور خیبر پختونخوا پولیس کےحوالے کیں جن کی مالیت 27 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق اِن بکتر بند گاڑیوں کی فراہمی پاکستانی عوام کے تحفظ و سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امریکی عزم کی عکاس ہے۔

امریکی کمپنی لینکو نے یہ گاڑیاں بنائی ہیں جو دُور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور جرائم، دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے سدباب اور بیخ کنی کے لیے سویلین سکیورٹی فورسز کے لیے معاون ثابت ہوں گی۔

یہ بکتر بند گاڑیاں پولیس کی کارروائی کی صلاحیت میں بہتری لانے اور دہشت گردوں، عسکریت پسندوں اور منشیات کے اسمگلروں سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرتے وقت اہلکاروں کی زندگیاں بچانے کے لیے اہم ہیں کیوں کہ یہ گروہ پاکستان بھر میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہیں۔

نیشنل پولیس بیورو کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اب تک تقریباً ساڑھے چھ ہزار پولیس اہلکار پاکستان میں فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG