رسائی کے لنکس

پاکستان میں ایل پی جی ایندھن کے فروغ کے منصوبے کے لیے امریکی امداد


پاکستان میں ایل پی جی ایندھن کے فروغ کے منصوبے کے لیے امریکی امداد
پاکستان میں ایل پی جی ایندھن کے فروغ کے منصوبے کے لیے امریکی امداد

امریکہ پاکستان میں لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس یعنی ایل پی جی کے استعمال کو فروغ دینے کے منصوبے کے لیے چار لاکھ بیاسی ہزار ڈالر کی امداد فراہم کرے گا جس کا مقصد توانائی سے دوچار ملک میں ایندھن کے اس متبادل ذریعے کو ترقی دینا ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں بدھ کو وزارت ماحولیا ت کے ذیلی ادارے انر کام کے منیجنگ ڈائریکٹر فرید اللہ خان اور امریکی ڈپٹی چیف آف مشن اسٹیفن اینگلکن کے درمیا ن معاہدے پر دستخط ہوئے۔

معاہدے کے تحت امریکی ادارے برائے تجارتی ترقی کے تعاون سے آئندہ ایک سال کے اندر ایک فیزیبیلٹی رپورٹ تیار کی جائے گی جس میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ڈیزل اور سی این جی کی جگہ ایل پی جی کو متبادل ایندھن کے طور پر فروغ دینا کس قدر فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر اینگلکن نے کہا کہ ایل پی جی کا استعمال دنیا کے کئی ملکوں میں فروغ پا رہا ہے اور جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انھوں نے پاکستان کے ساتھ معیشت کے تمام شعبوں پر خاص طور پر توانائی کے میدان میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک یہاں پرتوانائی کے ان ذرائع کی ترقی چاہتا ہے جو موٴثر ہوں اور صارفین کی استطاعت میں ہوں۔

انر کام کے سربراہ نے وائس آف امریکہ سے انٹرویو میں کہا کہ ”سی این جی کا استعمال تو ہمارے ہاں بہت ہے لیکن ایل پی جی کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے اب جب کہ ہمیں سی این جی کی کمی کا سامنا ہے تو یہ نہایت ضروری تھا کہ ہم متبادل ایندھن کو فروغ دینا شروع کر دیں جو نسبتاََ سستا بھی ہو گا “۔

ماحولیاتی کے وفاقی وزیر حمید اللہ جان آفریدی کا کہنا تھا کہ منصوبے کے ذریعے کراچی ، حیدر آباد، ملتان، لاہور، فیصل آباد، پشاور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بسوں کو ایل پی جی میں بدلنے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی اور مالی پہلوؤں پر تفصیلی غور و غوض کے بعد منصوبے میں نجی شعبے کے کردار اور سرمایہ کاری کا بھی تعین کیا جائے گا تاکہ ایل پی جی کے سلسلے میں متعلقہ سازوسامان کے ساتھ بسوں کا بیڑا سپلائی کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ایل پی جی کے فروغ سے پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی واقع ہو گی جس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG