رسائی کے لنکس

امریکہ کے سینیئر نائب نمائندہ خصوصی کی پاکستانی حکام سے ملاقات


ڈیوڈ پیئرس نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطحی دو طرفہ رابطوں سے دونوں ممالک کے اہم مفادات کو درپیش مسائل کے حل پر حقیقی معنوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔

پاکستان اور امریکہ کے عہدیداروں کے مابین رابطوں میں حالیہ ہفتوں میں تیزی آئی ہے جس میں دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دوطرفہ روابط کے اس سلسلے کے تسلسل میں امریکہ کے سینیئر نائب نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان ڈیوڈ پیئرس نے جمعہ کو اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیوڈ پیئرس کے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھنا، مشترکہ مفادات کا تعین اور مل کر ان پر عمل کرنا ہے۔

ڈیوڈ پیئرس نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطحی دو طرفہ رابطوں سے دونوں ممالک کے اہم مفادات کو درپیش مسائل کے حل پر حقیقی معنوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اعلیٰ امریکی عہدیدار کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان ان حالیہ رابطوں کا حصہ ہے جن میں وزیرخارجہ ہلری کلنٹن اور ان کی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کے درمیان برسلز میں ملاقات کے علاوہ واشنگٹن میں دونوں ملکوں کے اقتصادی ورکنگ گروپ کا اجلاس بھی شامل ہے۔

رواں ہفتے پاکستان اور امریکہ کے اعلیٰ دفاعی عہدیداروں کے درمیان راولپنڈی میں بھی مذاکرات ہوئے جن میں دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور باہمی مفادات پر مبنی تعلقات استوار کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

اُدھر رواں ہفتے پاکستان کے وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے واشنگٹن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے امریکی عہدیداروں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے بعد کہا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے طویل المدت شراکت داری کے لیے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے دوبارہ آغاز کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
XS
SM
MD
LG