رسائی کے لنکس

پاکستان:امریکی قونصل خانوں نے کام دوبارہ شروع کر دیا


کراچی میں امریکی قونصل خانے پر حفاظتی انتظامات
کراچی میں امریکی قونصل خانے پر حفاظتی انتظامات

ترجمان نے بتایا کہ سفارتخانے اور قونصل خانوں کی سکیورٹی پر پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام ہورہا ہے۔

تضحیک آمیز فلم کے خلاف پر تشدد احتجاجی سلسلے میں کمی کے بعد امریکی قونصل خانوں نے پاکستان بھر میں محدود پیمانے پر اپنا کام شروع کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ترجمان رائن ہیریس نے پیر کو وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ پاکستان میں تمام قونصل خانے کھولے جا چکے ہیں تاہم وہاں عوامی خدمات سے متعلق سرگرمیاں محدود پیمانے پر شروع ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ سفارتخانے اور قونصل خانوں کی سکیورٹی پر پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام ہورہا ہے۔ ’’سکیورٹی کا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر لیا جا رہا ہے اور اس سے متعلق پاکستانی حکام سے بھی تعاون جاری ہے۔‘‘

گزشتہ ہفتے امریکی فلم ساز کی توہین رسالت پر مبنی فلم کے خلاف احتجاج سے پیدا ہونے والی ممکنہ خراب سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے، کراچی، لاہور اور پشاور میں قونصل خانوں کو بند کر دیا گیا تھا۔

جمعے کو پاکستان بھر میں پرتشدد مظاہروں میں 23 افراد ہلاک ہوئے جب کہ مشتعل مظاہرین نے کئی شہروں میں املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
XS
SM
MD
LG