رسائی کے لنکس

امریکی معاون وزیرخارجہ برائے پناہ گزین کا دورہ پاکستان


امریکی معاون وزیرخارجہ برائے پناہ گزین کا دورہ پاکستان
امریکی معاون وزیرخارجہ برائے پناہ گزین کا دورہ پاکستان

امریکہ کے معاون وزیر خارجہ برائے آبادی،پناہ گزین ونقل مکانی ایرک پی شوارٹز رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وہ جینیوا سے آرہے ہیں جہاں انھوں نے پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر(یواین ایچ سی آر) کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کرنے والے پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

اسلام ٓباد میں امریکی سفارتخانے سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں معاون وزیرخارجہ شوارٹز پاکستانی حکام اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے جن میں یواین ایچ سی آر،آئی سی آرسی اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں شریک دیگر عالمی اور غیر سرکاری اہلکار شامل ہیں۔

مسٹر شوارٹز دورے میں اس امر کا جائزہ لیں گے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیے گئے عطیات سیلاب میں زندہ بچ جانے والے لوگوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کس طرح استعمال کیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق پیچیدہ ہنگامی ردعمل کو مزید مربوط بنانے اور طویل عرصے تک پناہ گزین رہنے والے افراد اور ملک میں لڑائی سے متاثر اور بے گھر ہونے والوں کے لیے امداد بڑھانے کی غرض سے حکومت پاکستان اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمات سرانجام دینے والے اشتراک کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنا امریکی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

جینوا میں پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد مسٹر شوارٹز اُن افغان پناہ گزینوں کو مقامی آبادی میں شامل کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے جنہیں ان کے وطن واپس بھجوانا یا کسی تیسرے ملک میں دوبارہ بسانا کوئی دیر پا حل نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG