رسائی کے لنکس

نیویارک بم دھماکا سازش کے تحقیقات میں پاکستان امریکہ کی معاونت کرے گا


نیویارک بم دھماکا سازش کے تحقیقات میں پاکستان امریکہ کی معاونت کرے گا
نیویارک بم دھماکا سازش کے تحقیقات میں پاکستان امریکہ کی معاونت کرے گا

وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون جاری ہے اور اگر نیویارک بم دھماکا سازش کے سلسلے میں بھی امریکہ کو کسی مدد کی ضرورت ہو گی تو اُن کا ملک اس سلسلے میں بھرپور معاونت کرے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان بھی اس سے نمبرد آزما ہے۔

تاہم دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کے ابھی یہ معاملہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور پاکستان اس حوالے سے امریکہ سے مزید معلومات کے حصول کا انتظار کر رہاہے اس لیے فی الحال اس پرتبصرہ قبل از وقت ہو گا۔

امریکہ کی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے منگل کی صبح جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نیویارک کے مشہور ٹائمزا سکوائر میں ایک کار بم دھماکا کرنے کی کوشش کے الزام میں جس شخص کو حراست میں لیا گیا ہے وہ ایک 30 سالہ پاکستانی نژاد امریکی شہر ی جس کا نام فیصل شہزاد ہے ۔ اس مشتبہ شخص کو نیویارک کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دبئی روانہ ہونے والی ایک پرواز پر سوار ہو رہا تھا۔

رحمن ملک
رحمن ملک

ادھر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابھی تک امریکہ نے فیصل شہزاد کے سلسلے میں کوئی باضابطہ درخواست نہیں کی ہے۔ تاہم اُنھوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے طور پر زیرحراست اُس مشتبہ شخص کے کوائف حاصل کرنے کی درخواست ضرور کی ہے تاکہ پاکستان میں اس کے ذرائع اور رابطوں کا سراغ لگایا جاسکے۔

ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق نیویارک کے ٹائمزا سکوائر سے ہفتے کی شب بارود سے لدی جس گاڑی کو قبضے میں لیا گیا وہ فیصل شہزاد نے نقد رقم ادا کر کے بریج پورٹ قصبے میں ایک شخص سے بغیر کسی کاغذی کارروائی کے خریدی تھی۔

خیال رہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے نیویارک میں بم دھماکا کرنے کی اس کوشش کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تاہم امریکی حکام کے بقول فوری طور پر انھیں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے عسکریت پسندوں کے اس دعوے کی تصدیق ہو سکے۔

XS
SM
MD
LG