رسائی کے لنکس

تعلیم و سائنس کے شعبے میں تعاون پر پاکستان امریکہ مذاکرات


وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تعلیم اور سائنس کے شعبے میں تعاون کو بہت اہم سمجھتا ہے کیوں کہ اُن کے بقول ملک کی ترقی کے لیے معیار تعلیم کو بہتر بنانا اشد ضروری ہے۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدت شراکت داری کے اسٹریٹیجک مذاکرات کے تحت تعلیم ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپ کا افتتاحی اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں ہوا۔

رواں سال کے اوائل میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے دوران اسٹریٹیجک مذاکرات میں تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کو بطور چھٹے گروپ کے شامل کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں امریکہ کے انڈر سیکرٹری برائے امور عامہ و عوامی سفارتکاری رچرڈ اسٹینگل پاکستان کے دورے پر ہیں۔

تعلیم و سائنس کے شعبے میں تعاون پر پاکستان امریکہ مذاکرات
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:38 0:00

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک تقریب میں رچرڈ اسٹینگل اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے امریکہ۔ پاکستان تزویراتی مذاکرات کے تحت تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ورکنگ گروپ کے اجلاس کا افتتاح کیا۔

پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور دیگر سینیئر امریکی حکام نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی، جس میں اعلیٰ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون، شراکت اور تبادلوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

رچرڈ اسٹینگل نے اس موقع پر کہا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ امریکی تعلقات صرف ان خطرات کے بارے میں نہیں ہیں جو ہمیں درپیش ہیں بلکہ ہماری شراکت پاکستان کے عوام کے ساتھ گہرے اور پائیدار تعلقات استوار کرنے کے بارے میں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان شراکت داری ہے اور تعلیم کے شعبے میں دنیا کے کسی بھی ملک کی نسبت پاکستان کے ساتھ امریکہ کے جاری تبادلہ پروگراموں پر سب سے زیادہ رقم خرچ کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تعلیم اور سائنس کے شعبے میں امریکہ کے تعاون کو بہت اہم سمجھتا ہے کیوں کہ اُن کے بقول ملک کی ترقی کے لیے معیار تعلیم کو بہتر بنانا اشد ضروری ہے۔

بعد ازاں امریکی نائب وزیر خارجہ برائے امور عامہ اور عوامی سفارتکاری رچرڈ اسٹینگل نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کے ہمراہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں 12 کروڑ ستر لاکھ ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری کے حامل منصوبے کے مراکز کا باضابطہ افتتاح کیا۔

یہ منصوبہ پاکستان اور امریکہ کی عالمی معیار کی جامعات کے درمیان اشتراک کا معاہدہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے توانائی، پانی، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں درپیش مسائل کا جدید اور قابل عمل حل تلاش کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG