رسائی کے لنکس

امریکی اعانت سے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کی تعمیر


امریکی اعانت سے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کی تعمیر
امریکی اعانت سے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کی تعمیر

سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا اور امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن جیرالڈ ایم فیئراسٹائن نے جمعرات کو پاکستانی ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پی آئی پی ایس) کی اسلام آباد میں نئی عمارت کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کیا۔

امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے تعاون سے 70کروڑ 93لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والا یہ مرکز پاکستان کے تمام قانون ساز اداروں کے لیے ایک خودمختار تحقیقی اور تربیتی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

فہمیدہ مرزا نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کا قیام پارلیمنٹ کو مضبوط اور مئوثر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ادارہ ارکان پارلیمنٹ کے لیے عوامی پالیسی کے معاملات اور قانون سازی کے بارے میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق تحقیق اور تجزیے کا اہتمام کرے گا۔

55ہزار مربع فٹ رقبے پر محیط اس چار منزلہ جدید ادارے میں دفاتر، سیمینار رومز، لائبریری اور آڈیٹوریم کی سہولیات موجود ہوں گی۔ یہ ادارہ پی آئی پی ایس کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ اور متعلقہ ملازمین کی پیشہ وارانہ ترقی اور تعارفی پروگراموں میں اعانت، اعدادوشمار جمع کرنے، انھیں ترتیب دینے اور ارکان پارلیمنٹ کو اہم مسائل پر آزادانہ تحقیق کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

جیرالڈ فیئر اسٹائن نے کہا کہ یہ ادارہ ایک ذمہ دار،جوابدہ طرز حکمرانی کے پاکستانی عزم کی علامت ہے اور پاکستان کے قانون سازاداروں اور دنیا بھر کے پارلیمانی اداروں کے تجربات کے مابین پل کا کردار ادا کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ پل پاکستانی ارکان پارلیمنٹ کی متنوع تجربات کی جانب سے رہنمائی کرسکتا ہے اور پاکستان اور جمہوری برادریوں کے مابین تعلقات کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG