رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: بم دھماکے میں تین ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں ہفتے کی صبح ہونے والے ایک بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی حکام نے بتایا ہے کہ یہ دھماکا تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر قمبر خیل کے ایک گاؤں طورکَس میں ایک گاڑی میں ہواجس سے اس میں سوار تین افراد موقع پر ہلاک اور اس کی زد میں آکر دو لوگ شدید زخمی ہوگئے۔

یہ گاڑی وادی تیرہ سے باڑہ جارہی تھی اور حکام کے مطابق یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ گاڑی میں ریمورٹ کنٹرول بم کس نے نصب کیا۔

ہلاک ہونے والوں کا تعلق وادی تیرہ سے بتایا جاتا ہے جہاں مختلف شدت پسندتنظیموں سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کی پناہ گاہیں موجود ہیں اور یہ لوگ حکام کے بقول وقتاً فوقتاً پشاور اور گردو نواح کے علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے آئے ہیں۔

ادھر جنوبی ضلع کرک میں ہفتے کی صبح چار افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی ہیں۔ ہلاک شدگان کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ انھیں جاسوسی کے الزام میں ہلاک کیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان سے ملحقہ اس علاقے میں اس سے قبل بھی جاسوسی کے الزام میں قتل کیے گئے افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG