رسائی کے لنکس

پاک افغان سرحد پر امریکی میزائل حملوں میں 13افراد ہلاک


ڈرون
ڈرون

پاکستان کے سکیورٹی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ پاکستانی سرحد پر امریکی میزائل حملوں میں کم از کم 13مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ منگل کو پہلا حملہ مشرقی افغانستان کے صوبہٴ پکتیکا پر ہوا جِس میں مبینہ طور پر متعدد عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
پاکستانی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ چند گھنٹے بعد ڈرون طیاروں نے پاکستان کے جنوبی وزیرستان کے قبائلی علاقے میں واقع اعظم وارسک گاؤں میں عسکریت پسندوں کے زیر استعمال احاطے کو نشانہ بنایا، جہاں پر پہلے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی میتیں لے جائی گئی تھیں۔ اِس حملے میں کم از کم چھ شدت پسند ہلاک ہوئے۔

امریکہ نے اِسی ماہ پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے میں طالبان اور القاعدہ سے منسلک عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کم از کم 16میزائل حملے کیے ہیں۔

پاکستانی اہل کاروں نے ڈرون حملوں کی کھلے عام مذمت کی ہے یہ کہتے ہوئے کہ یہ حملے ملک کی علاقائی اقتدارِ اعلیٰ کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ حملوں کے بارے میں امریکی عہدے دار کھلے عام بیان بازی نہیں کرتے۔

اہل کاروں نے منگل کو بتایا کہ پاکستان کے قبائلی علاقے کے دیگر مقام پر اُنھوں نے 70برس کے ایک برطانوی شخص کو حراست میں لیا ہے جوخیبر کے علاقے سے افغانستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

برطانوی ہائی کمیشن نے اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ برطانوی شخص نے، جس کی شناخت نکولس بین کے طور پر کی گئی ہے، مزید تفاصیل نہیں بتائے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اُس شخص کو پشاور میں قید رکھا گیا ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں سفر کے لیے غیر ملکیوں کو خصوصی اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG