رسائی کے لنکس

پاکستان آمد پر غیر ملکی شہریوں کو ویزوں کے اجرا پر پابندی


وزارت داخلہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آن لائن ویزوں کا نظام متعارف کرانے کے علاوہ ویزوں کے اجراء کے قواعد پر نظرثانی کی جائے تاکہ اس عمل میں شفافیت لائی جائے اور صوابدید کو کم سے کم کیا جا سکے۔

پاکستان کی وزارت داخلہ نے ملک آمد پر غیر ملکی شہریوں کو ویزوں کا اجرا فوری طور پر روکنے کا حکم دیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ پیر کی شب وزارت داخلہ سے جاری ایک بیان کے مطابق ’’لینڈنگ پرمٹس کی آڑ میں سنگین بے ضابطگیاں ہو سکتی ہیں‘‘ اس لیے ویزوں کے اس طرح اجرا کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔

وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا ویزوں کے اجرا اور امیگریشن کے شعبوں میں بہت بہتری آئی ہے لیکن اُن کے بقول نظام کو بہتر بنانے اور اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ مزید کرنے کی ضرورت ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غیر ملکی فضائی کمپنوں کو پاکستان کی ویزا پالیسی کی خلاف ورزی پر نو کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے اور ویزا کے بغیر لائے جانے والے سینکڑوں مسافروں کو ایئر لائنز کے خرچہ پر واپس بھجوایا گیا۔

وزارت داخلہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آن لائن ویزوں کا نظام متعارف کرانے کے علاوہ ویزوں کے اجراء کے قواعد پر نظرثانی کی جائے تاکہ اس عمل میں شفافیت لائی جائے اور صوابدید کو کم سے کم کیا جا سکے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ مرکزی ’’ویزا ڈیٹا بیس‘‘ ضروری ہے کیونکہ اس سے پاکستان کے ریاستی اداروں کو کسی بھی کیٹگری کے ویزا پر پاکستان آنے والوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔

وزارت داخلہ نے ملکی سرحدوں کے زمینی، سمندری اور فضائی آمدورفت کے راستوں کی سخت نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے جدید امیگریشن اور سرحدی کنٹرول محکمہ کے قیام کے لائح عمل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

XS
SM
MD
LG