رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان نے انگلینڈ کو چھ وکٹ سے ہرادیا


فائل
فائل

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 217 رن کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے 44 ویں اوور میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دیدی ہے۔

بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 217 رن کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے 44 ویں اوور میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان کی فتح میں محمد حفیظ کی سینچری نے نمایاں کردار ادا کیا۔ حفیظ نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 102 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ بابر اعظم 62 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹاپلے نے تین اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ میچ پاکستان کے اسٹار بلے باز اور سابق کپتان یونس خان کے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ تھا جس میں وہ نو رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یونس نے گزشتہ روز ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بدھ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ ان کے کرےیئر کا آخری میچ ہوگا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اسے راس نہ آیا۔ انگلش بلے بازوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ پہلے اوور سے شروع ہوا اور پوری ٹیم 4ء49 اوور میں صرف 216 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے آئین مورگن 76 رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ جیمز ٹیلر نے 60 اور کرس ووایکس نے 33 رن بنائے۔

کوئی اور انگلش بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے تین، اور انور علی اور شعیب ملک نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو چار میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 13 نومبر کو ابوظہبی میں ہی کھیلا جائے گا۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل دونوں ملکوں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے 0-2 سے جیت لی تھی۔

XS
SM
MD
LG