رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ: نیوزی لینڈ 153 پر آؤٹ، پاکستان 2 وکٹ پر59 رنز


ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز کیوی بیٹسمینوں کی خراب کارکردگی کے بعد پاکستانی اوپنرز بھی نہ چل سکے۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان 2 وکٹوں پر 59 رنز ہی بنا سکا۔ نیوزی لینڈ کا اسکور برابر کرنے کے لئے اُسے 94 رنز درکار ہیں اور 8 وکٹیں باقی ہیں۔

اس سے قبل پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 153 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے وکٹ کو بیٹنگ کے لئے سازگار جانتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بیٹسمینوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔ لیکن، اوپنرز توقعات پر پورا نہ اُتر سکے اور صرف 20 رنز پر جیت راول صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ٹام لیتھم بھی صرف 13 رنز بنا سکے، جبکہ ان فارم بیٹسمین راس ٹیلر کی اننگز صرف 2 پر ہی تمام ہوگئی۔

صرف 39 رنز پر تین ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی پویلین روانگی کے بعد کیوی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ لیکن، ولیم سن اور ہنری نکولز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز جوڑ کر ٹیم کو کسی حد تک اس مشکل صورتحال سے نکالا، لیکن اس موقع پر نکولز 28 رنز بنا کر ولیم سن کا ساتھ چھوڑ گئے۔

نکولز کے آؤٹ ہوتے ہی ولیم سن 63 رنز کی شاندار اننگز کھیل حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔

ایک موقع پر 111 رنز کے اسکور پر کیوی ٹیم کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے لیکن اسکور میں صرف 42 رنز کے اضافے پر باقی 7 وکٹیں گر گئیں اور پوری ٹیم 153 رنز بنا سکی۔

یاسر شاہ نے تین جبکہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ بلال آصف کے حصے میں آئی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور صرف 27 رنز پر امام الحق اور محمد حفیظ بالترتیب 6 اور 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو حارث سہیل 22 اور اظہر علی 10 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG