رسائی کے لنکس

پانچواں ون ڈے: سری لنکا کی ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری


اگر سری لنکا کی ٹیم آج وائٹ واش بچانے میں ناکام رہتی ہے تو ایک سال کے دوران ون ڈے سیریز میں اسے تیسری مرتبہ وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں سری لنکن کپتان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔

پیر کو شارجہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو آج کے میچ میں موقع دیا ہے۔

سری لنکا نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور اکیلا دنانجایا، لہیرو گماگے اور سورنگا لکمل کی جگہ وشوا فرنانڈو، دشمنتھا چمیرا اور جیفری وندرسے کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

لیکن یہ میچ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں کامیابی کی صورت میں پاکستان سری لنکا کو وائٹ واش کردے گا۔

اگر سری لنکا کی ٹیم آج وائٹ واش بچانے میں ناکام رہتی ہے تو ایک سال کے دوران ون ڈے سیریز میں اسے تیسری مرتبہ وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑے گا۔

رواں سال فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف چار میچوں کی سیریز اور ستمبر میں بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کی ٹیم وائٹ واش کا سامنا کرچکی ہے۔

مین اسٹرائیک بالر محمد عامر کی غیر موجودگی کے باوجود پاکستان کے حسن علی اور شاداب خان نے حریف ٹیم پر بھرپور دھاک بٹھادی ہے جب کہ بیٹنگ کے شعبے میں بابر اعظم، امام الحق اور سینئر بیٹسمین شعیب ملک نے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان اس وقت ون ڈے ریکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے اور اس میچ میں کامیابی کے باوجود اس کی رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

یہ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان کے رینکنگ پوائنٹس 99 ہوجائیں گے جبکہ پانچویں پوزیشن پر براجمان نیوزی لینڈ کے اس وقت 113 پوائنٹس ہیں۔

XS
SM
MD
LG