رسائی کے لنکس

فخر زمان کے تیز ترین 1000 رنز، زمبابوے کو 365 رنز کا ہدف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فخر زمان نے اس سیریز میں دو سینچریوں اور دو نصف سینچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 515 رنز بنائے جو پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

امام الحق، بابراعظم اور فخر زمان کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں زمبابوے کو جیت کے لیے 365 رنز کا ہدف دیا ہے۔

اتوار کو بولاوائیو میں کھیلے جانے والے میچ میں امام الحق اور بابر اعظم نے سینچریاں اسکور کیں جب کہ فخر زمان نے مزید دو ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

وہ ایک روزہ میچوں میں تیز ترین 1000 رنز اور پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پاکستان نے اتوار کے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی تھیں۔ فہیم اشریف، یاسر شاہ اور عثمان خان کی جگہ محمد نواز، محمد عامر اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

سیریز کے آخری میچ میں بھی اوپنرز فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو شاندار آغاز دیا۔ فخر زمان نے ایک روزہ میچوں میں تیز ترین ہزار 1000 رنز بنا کر سر ویوین رچرڈز اور بابر اعظم کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

یہ ریکارڈ بنانے کے لیے اُنہیں صرف 20 رنز درکار تھے جو انہوں نے اتوار کے میچ میں با آسانی بنا لیے۔

فخر زمان نے یہ کارنامہ 18 ویں اننگز میں سر انجام دیا جب کہ سر ویون رچرڈز، بابر اعظم، کیون پیٹرسن اور کوئنٹن ڈی کوک نے 21، 21 اننگز کھیل کر ایک ہزار رنز بنائے تھے۔

پاکستان کو پہلا نقصان 168 رنز پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان 85 رنز کی اننگز کھیل کر روچے کی گیند پر وکٹ کیپر مرے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان نے اس سیریز میں دو سینچریوں اور دو نصف سینچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 515 رنز بنائے جو پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

امام الحق نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے حالیہ سیریز میں اپنی تیسری اور مجموعی طور پر چوتھی سینچری اسکور کی۔ وہ 110 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے 76 گیندوں پر دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے دھواں دار سینچری بنائی۔ وہ 106 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ایک روزہ میچوں میں یہ اُن کی آٹھویں سینچری ہے۔

شعیب ملک اور آصف علی نے 18،18 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفراز 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنالیے۔

پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ اتوار کے میچ میں کامیابی کی صورت میں پاکستان ٹیم زمبابوے کے خلاف کلین سوئپ کرجائے گی۔

XS
SM
MD
LG