رسائی کے لنکس

واہ گارڈن کے قریب دھماکے میں مشتبہ حملہ آور ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہمایوں بشیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پولیس کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اگر مشتبہ حملہ آور کا کوئی ساتھی فرار ہوا ہے تو اس کو بھی گرفتار کیا جائے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے لگ بھگ 30 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع شہر واہ میں پولیس کے مطابق ایک دھماکے میں مشتبہ حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ضلع راولپنڈی کے علاقے واہ گارڈن کے قریب منگل کو بسوں کی تلاشی لی جا رہی تھی کہ ایک مسافر بس میں سوار مشتبہ شخص نے گاڑی سے باہر نکل کر پولیس اہلکاروں پر دستی بم پھینکا اور قریب ہی کھیتوں کی جانب دوڑ لگا دی۔

راولپنڈی پولیس کے سربراہ ہمایوں بشیر تارڑ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ مشتبہ شخص پولیس پر دوسرا حملہ کرنا چاہتا تھا۔ ’’سینکڈ سے بھی کم کا فرق تھا، یہ پولیس کی طرف دوسرے حملے کے لیے بڑھا ہے، پولیس اہلکاروں نے اپنی پوزیشن لی کہ اس دوران اس نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔‘‘

ہمایوں بشیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پولیس ’سرچ آپریشن‘ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اگر مشتبہ حملہ آور کا کوئی ساتھی فرار ہوا ہے تو اس کو بھی گرفتار کیا جائے۔

’’یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ خودکش بمبار روانہ ہیں، اس سلسلے میں ہم انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کر رہے ہیں۔‘‘

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مشتبہ حملہ آور کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان تھی، تاہم فوری طور پر اُس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں اسکول پر حملے کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی اور مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں راولپنڈی میں ایک امام بارگاہ ابو محمد رضوی پر ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG