رسائی کے لنکس

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کی کوشش کریں گے: وزیر اعظم


وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے کوشش کرے گاجنہیں جمعرات کے روز نیویارک کی ایک عدالت نے افغانستان میں ایک امریکی اہل کار کو ہلاک کرنے کی کوشش کے جرم میں 86 سال قید کی سزاسنائی تھی۔

جمعے کے روز پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے عافیہ صدیقی کو قوم کی بیٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی کے لیے مہم چلائی جائےگی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو عمر قید کی سزاسنائے جانے کے بعد پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ، جو عافیہ صدیقی کا آبائی شہر بھی ہے، پولیس نے امریکی قونصلیٹ کی طرف بڑھنے والے ایک بڑے جلوس کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے پھینکے۔

جمعے کے روز دارلحکومت اسلام آباد میں امریکہ مخالف نعرے لگانے والے مظاہرین کی پولیس سےاس وقت جھڑپ ہوئی جب وہ امریکی سفارت خانے کی طرف جانے کی کوشش کررہے تھے۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر فروری میں اقدام قتل اور کئی دوسرے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیاتھا۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ امریکی تعلیم یافتہ سائنس دان نے 2008ء میں افغانستان میں ایک امریکی اہل کار کی بندوق اٹھا کر ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ پر اس وقت گولی چلائی تھی جب ان سے پوچھ گچھ کی جارہی تھی۔

عافیہ کے وکلا کا کہنا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔



XS
SM
MD
LG