رسائی کے لنکس

انسداد دہشت گردی کی جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی چارہ نہیں: کائرہ


وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ
وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس جنگ میں ناکامی صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کی ناکامی ہو گی اس لیے عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کا ساتھ دے۔

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پاکستان کو شدید متاثر کیا ہے اور اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

بدھ کو جنوبی ایشیا میں صحافیوں کی ایک نمائندہ تنظیم ’سیفما‘ کے اجلاس سے خطاب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس جنگ میں کامیابی کے لیے انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ ضروری ہے جس کا پاکستانی قوم کو ادراک ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ اپنی قوم، خطے اور عالمی برادری کے لیے لڑ رہا ہے اور اس میں کامیابی کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس جنگ میں ناکامی صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کی ناکامی ہو گی اس لیے عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کا ساتھ دے۔

پاکستان میں حالیہ برسوں میں دہشت گرد حملوں میں تیزی آئی ہے اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف یہ کہہ چکے ہیں کہ غیر ریاستی عناصر ملکی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی منگل کو کہا تھا کہ فوج ملک کو درپیش بالواسطہ یا بلاواسطہ خطرے سے نمٹنے کے لیے چوکس ہے۔

افغانستان میں 2001ء میں امریکہ کی زیر قیادت القاعدہ اور طالبان کے خلاف شروع ہونے والی کارروائی کے بعد سے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ملک پاکستان کو اپنے علاقوں میں بھی دہشت گردوں کا سامنا ہے جن کی کارروائیوں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 35 ہزار سے زائد افراد اب تک مارے جا چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG