رسائی کے لنکس

2025 ء تک تمام پاکستانیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کا ہدف


2025 ء تک تمام پاکستانیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کا ہدف
2025 ء تک تمام پاکستانیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کا ہدف

وفاقی وزیر ماحولیات حمید اللہ جان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پانی کے دن بدن کم ہوتے ہوئے ذخائراور آبادی کے ایک بڑے حصے کے لیے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی حکومت کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے اور اس صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے اُن کی وزرات نے ایک جامع پالیسی وضع کی ہے جس کا مقصد اگلے 15 سالوں میں ہر پاکستانی کے لییپینے کے صاف پانی تک رسائی کو ممکن بنانا ہے۔

پانی کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں منعقد کی گئی ایک تقریب کے بعد اُنھوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 1950 ء کی دہائی کے دوران پاکستان میں فی کس استعمال کے لیے 5300 کیوبک میٹرپانی دستیاب تھا جو اب کم ہو کر 1100 کیوبک میٹررہ گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر یہ سطح 1000 کیوبک میٹرہو گئی تو پاکستان کا شمار بھی ان ممالک میں ہوگا جو پانی کی انتہائی قلت کا شکا ر ہیں ۔

حمید اللہ جان آفرید ی نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی برادری سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم کردار کے باعث حکومت کے بیشتروسائل اسی پرخرچ ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے بہت سی دیگراہم وزارتیں نظر انداز ہورہی ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک پر مبنی”فرینڈز آف پاکستان فورم“ اور دیگر ممالک کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھی تعاون
فراہم کرناچاہیئے۔

حکام کے مطابق پاکستان میں ہر سال 112 ارب روپے پانی سے پید ا ہونے والی بیماریوں سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے پر خرچ ہو جاتے ہیں۔ ایک محتاط اندازنے کے مطابق پاکستان میں ہر روز 175 بچے آلودہ پانی کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔

2025 ء تک تمام پاکستانیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کا ہدف
2025 ء تک تمام پاکستانیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کا ہدف

خصوصی اقدامات کی وزرات کے ایک اعلیٰ عہدیدار لیاقت علی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ملک میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے حکومت نے ایک منصوبہ پہلے ہی شروع کر رکھا ہے جس کے تحت یونین کونسل کی سطح پرصاف پانی فراہم کرنے کے لیے 6585 فلٹریشن پلانٹس لگائے جار ہے ہیں۔

پانی کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر این پیٹرسن نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی تک زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو رسائی دینے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں میں امریکی حکومت بھی ہاتھ بٹارہی ہے۔

امریکی حکومت پاکستان میں سرکاری اور غیر سرکاری شعبوں کے ساتھ مل کر پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کے منصوبے کے تحت تین کروڑ پاکستانیوں کی اُن کے گھروں میں حفظان صحت کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔

XS
SM
MD
LG