رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز مشکلات کا شکار ، یاسر شاہ کی شاندار بولنگ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یاسرشاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےصرف 33رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ کے باعث میزبان ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے اسے مزید 28 رنز کی ضرورت ہے۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے 121 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو یاسر شاہ نے 22 رنز پر بریتھویٹ کو کلین بولڈ کردیا، وہ صرف 14رنز بناسکے۔

پاول اور ہیٹ مائر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بناکر ٹیم کو مشکل سے نکالا لیکن جب مجموعی اسکور 72 رنز پر پہنچا تو یاسر شاہ نے ہیٹ مائر کو 20 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ ویسٹ انڈیز کی اگلی دو وکٹیں بھی جلد ہی گرگئیں۔ ہوپ اور پاول بالترتیب 6 اور صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ یہ وکٹیں بھی یاسر شاہ کے حصے میں آئیں۔

چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں گنواکر 93 رنز بنالئے تھے۔ پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے اسے مزید 28 رنز درکار ہیں جبکہ 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

یاسرشاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےصرف 33رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے اسکور 286 رنز کے جواب میں 407 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح اس نے پہلی اننگز میں121رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

پاکستان کی طرف سے مصباح الحق ناقابل شکست 99، بابر اعظم 72، یونس خان 58 اور سرفراز احمد 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے گیبریل اور جوزف نے تین، تین جبکہ ہولڈر، بشو اور چیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG