رسائی کے لنکس

پاکستان کے مفادات کا ہر سطح پر دفاع کیا جائے گا: خواجہ آصف


پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کے مفادات کا ہر سطح پر دفاع کیا جائے گا۔

اُنھوں نے یہ بیان بدھ کو سینیٹ کے اجلاس میں مختلف سوالوں کے جواب میں دیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ’’کسی بیرونی طاقت کے مفادات کے تحت نہیں بنایا جائے گا۔‘‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور ہمارے جو اقتصادی مفادات ہیں اُن کو مدنظر رکھتے ہوئے (خارجہ پالیسی) کو بنایا جائے گا۔‘‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ پارلیمان کی راہنمائی ہی میں پاکستان کے موقف دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے اپنے امریکہ کے دورے اور پھر امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کی پاکستان آمد کے موقع پر بھی ملک کا موقف واضح طور پر اُن کے سامنے رکھا۔

وزیر خارجہ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ پاکستان امریکہ اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن و استحکام کی کوششوں میں کردار ادا کرتا رہے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ خطے کے ممالک مل کر افغانستان میں امن و استحکام کے لیے کام کریں اور اس تنازع کا حل نکالیں۔

امریکہ کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی افغانستان میں امن و سلامتی کی کوششوں پر بات چیت کی گئی تھی۔

پاکستان کا یہ موقف رہا ہے کہ اندرون ملک دیرپا امن کا حصول افغانستان میں امن سے جڑا ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG