رسائی کے لنکس

علاقائی کشیدگی کم کرنے میں خواتین پارلیمنٹیرین کے کردار پر زور


علاقائی کشیدگی کم کرنے میں خواتین پارلیمنٹیرین کے کردار پر زور
علاقائی کشیدگی کم کرنے میں خواتین پارلیمنٹیرین کے کردار پر زور

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جنوبی ایشیا کی خواتین ممبران پارلیمان پر زور دیا ہے کہ وہ امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار اداکریں کیونکہ ان کے مطابق خطے میں موجود کشیدگی کسی بھی ملک کے فائدے میں نہیں بلکہ اس کی وجہ سے قیمتی وسائل غیر پیداواری شعبوں میں استعمال ہورہے ہیں۔

یہ بات انھوں نے امن وسلامتی اور مصالحت کے موضوع پر اسلام آباد میں خواتین کے دو روزہ کنونشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو اپنی نوعیت کا واحد اجتماع ہے اور اس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ سارک ممالک سے بھی خواتین ممبران پارلیمان شریک ہیں۔

ان میں بھارت سے کانگریس پارٹی کی رکن بھی شامل ہیں جو ایک ایسے موقع پر پاکستان آئی ہیں جب دونوں پڑوسی ملکوں نے نومبر 2008ء کے ممبئی حملوں کے بعد سے کشیدگی کا شکار اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہتر کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت کئی ملکوں میں خواتین سیاسی فیصلہ سازی کے عمل میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ عورتوں کی شمولیت سے مثبت سماجی تبدیلی اور دیر پا امن کے امکانات بہت روشن ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کی افواج دہشت گردی سے پوری طرح خبردار ہے اور بہادری سے اس خطرے کے خلاف لڑرہی ہے جو ان کے بقول بعض اوقات خواتین لڑکیوں اور ان کے اہل خانہ کو نسبتاً زیادہ شدید طور پر متاثر کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امن و استحکام اور ترقی کا حصول خواتین کو شریک کیے بغیر ممکن نہیں ہے ۔

دور وزہ اس اجتماع کا مقصد خواتین کو درپیش ہر طرح کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے، خاص طور پر جنگ سے متاثرہ وہ خواتین جو خوف اور رکاوٹوں کے باعث اپنی تکالیف براہ راست منظر عام پر نہیں لاسکتیں ۔

کنونش کے اختتام پر مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے سفارشات پر مبنی ایک مشترکہ اعلامیہ پیش کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG